نئی دہلی۱۲نومبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس اونیوز)بی جے پی لیڈر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اشونی اپادھیائے نے ملک میں دھماکہ خیز آبادی پرتشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھتے ہوئے کئی تجاویز دی ہیں۔ اس میں دو سے زیادہ بچوں والے لیڈروں کو الیکشن لڑنے سے روکنے سے لے کر خاندانی منصوبہ بندی کی تجاویز ہیں۔
خط میں کہا ہے کہ چین کی طرح آبادی کنٹرول کو لے کر سخت قانون ہی بھارت میں اس مسئلے سے نجات دلاسکتا ہے ۔ ہم دو ہمارے دو فارمولا لاگو کرنا بہت ضروری ہے، اگر نہیں، تو ملک کو آنے والے وقت میں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اشونی اپادھیائے دہلی ہائی کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ میں 50 سے زائد مفاد عامہ درخواستوں کے لئے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے انتخابات، عدالتی نظام میں بہتری، مسلمانوں میں دوسری شادی، تین طلاق، حلالہ وغیرہ مسائل پر عرضیاں عدالتوں میں لگا رکھیں ہیں۔ اشونی اپادھیائے نے کہا ہے کہ ’’ہم دو ہمارے دو‘‘ پر عمل کرنے والے خاندانوں کوجہاں حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے، وہیں اس کی خلاف ورزی کرنے پر سزا بھی تجویز ہونی چاہیے ۔ دو سے زیادہ بچے پیدا کرنے والوں سے آئین کے تحت ملے تمام حقوق چھین لینا چاہئے۔ مثلاََ ووٹ دینے کا حق سے لے کر رائٹ ٹو جسٹس، ذریعہ معاش کاحق،وقار کا حق، صحت کا حق، مساوی تنخواہ، قانون میں مدد، صحت مندوغیرہ حقوق کو چھین لیا جاناچاہیے۔ اشونی اپادھیائے نے آبادی کنٹرول کو لے کر لیڈروں پر خاص طور سے پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دو سے زیادہ بچے پیدا کرنے والے لوگوں کو صرف الیکشن لڑنے سے روکنے سے ہی کام نہیں بنے گا،بلکہ سیاسی جماعتوں کے قیام سے لے کر ان کے پارٹی عہدیداربننے پربھی قانون کا نفاذ ہوناچاہیے۔